ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انجمن حامئ مسلمین بھٹکل : صد سالہ جشن کی اختتامی تقریبات کا شاندار انعقاد 

انجمن حامئ مسلمین بھٹکل : صد سالہ جشن کی اختتامی تقریبات کا شاندار انعقاد 

Sun, 01 Jan 2023 11:55:39    S.O. News Service

بھٹکل، یکم جنوری  (ایس او نیوز) بھٹکل کے سب سے قدیم تعلیمی ادارہ انجمن حامیئ مسلمین کے صد سالہ جشن کی اختتامی تقریبات کا انعقاد 1 اور 2  جنوری کو شاندار پیمانے  پر ہو رہا ہے ۔ 
    
اس علاقے کے عوام کو تعلیم کی روشنی سے متعارف کرنے کے مقصد سے انجمن حامیئ مسلمین کا قیام 2 اگست 1919 کو عمل میں آیا تھا اور یکم ستمبر 1919 کو 11 طلبہ کے ساتھ انجمن کے پہلے اسکول کا آغاز ہوا تھا ۔ 1929 میں پرائمری اسکول قائم کرکے اس کے لئے سرکاری توثیق حاصل کی گئی تھی ۔ پھر 1939 میں ہائی اسکول کی شروعات ہوئی ۔ 1968 میں ہائی اسکول کی عمارت کے اندر ہی انجمن آرٹس، سائنس اینڈ  کامرس کالج کا آغاز ہوا  اور پھر اس کالج کے قریبی پہاڑی پر تعمیر شدہ انجمن کی عمارت میں منتقل کیا گیا ۔ 
    
جون 1971 میں انجمن کی طرف سے لڑکیوں کے لئے ہائی اسکول شروع کیا گیا ۔ 1979 میں یہاں انگلش میڈیم  سیکشن اور 1980 میں لڑکیوں کے پی یو سی کالج کا آغاز کیا گیا ۔ اب یہ سب ادارے ایک ہی کیمپس میں چل رہے ہیں ۔ انجمن انجینئرنگ کالج بھٹکل کو شمالی کینرا کا سب سے پہلا پرائیویٹ انجینئرنگ کالج ہونے کا شرف حاصل ہے  ۔ 1996 میں شروع کیا گیا انجمن انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ نے بھی کامیابی کا شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے ۔

اس ادارے کے تحت 5000 سے زائد طلبہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو رہے ہیں جس میں ملک اور بیرون ملک کے بھی شامل ہیں ۔ مذہب ، ذات پات اور فرقہ و طبقہ کی تفریق کے بغیر طلبہ اس تعلیمی ادارے سے فیض حاصل کر رہے ہیں ۔ انجمن کی طرف سے چلنے والا بی ایڈ کالج مضافات اور دیہی علاقے کے طلبہ کے لئے ایک تحفہ سے کم نہیں ہے ۔ جبکہ اب اس ادارے میں ایم سی اے کا کورس بھی شروع کیا گیا ہے ۔ 
    
کا لج کے ابتدائی برسوں میں ادارے نائب صدر جناب عبدالغنی محتشم اور جنرل سیکریٹری جناب ڈی ایچ شبّر صاحب نے اپنی ان تھک محنت سے اس تعلیمی ادارے کوبام عروج تک پہنچایا ۔ اس کالج سے طالب علم پرسنّا کمار نے انجینئرنگ میں فرسٹ رینک حاصل کرنے والے ایسے طالب علم رہے ہیں جن کی ستائش اُس وقت کے صدر ہند ڈاکٹر عبدالکلام نے کی تھی ۔ 
    
انجمن حامئ مسلمین کے موجودہ صدر جناب قاضیا مزمل صاحب نے صد سالہ جشن کی اختتامی تقریبات کے حوالے سے کہا ہے کہ انجمن نے  کسی بھی قسم کی تفریق کے بغیر سماج کے ہر طبقہ اور مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا ہے ۔ اب جو تقریبات منائی جا رہی ہیں اس میں انجمن کے تمام سابق طلبہ کو حصہ لینا چاہیے اور جشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنا چاہیے ۔


Share: